قمبر شہدادکوٹ: کسٹمز اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، 24 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل سے بھرا ٹینکر پکڑا گیا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع قمبر شہدادکوٹ کے علاقے نصیرآباد میں کسٹمز حکام اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے اسمگل کیا جانے والا ایرانی ڈیزل سے بھرا ٹینکر تحویل میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ٹینکر سے 24 ہزار لیٹر غیرقانونی ڈیزل برآمد ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ ڈیزل بلوچستان سے ضلع دادو منتقل کیا جا رہا تھا کہ انڈس ہائی وے پر دھامراہ پولیس چوکی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ٹینکر کو روک لیا گیا۔
کارروائی کے بعد حکام نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور دیگر ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے مزید کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع قمبر شہدادکوٹ کے مختلف راستوں کے ذریعے بلوچستان سے ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی دیگر علاقوں میں اسمگلنگ کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ مقامی سطح پر اس غیرقانونی کاروبار کی روک تھام تاحال ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔



