رحمان بابا ایکسپریس حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملتان میں 13 اکتوبر کو پیش آنے والے رحمان بابا ایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی، دورانِ علاج زخمی خاتون حرا بھی زندگی کی بازی ہار گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون حرا کا تعلق کراچی سے تھا۔ اس سے قبل راولپنڈی کے رہائشی کلیم عباس بھی دورانِ علاج انتقال کر گئے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے سروں پر چوٹیں آئی تھیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام 7 افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد میں کراچی کے 2 شہری جبکہ گوجر خان، گجرات، آزاد کشمیر، پشاور اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والا ایک، ایک شہری شامل ہے۔
دوسری جانب ریلوے ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 38 افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ تمام ڈسچارج ہونے والے مسافر اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔
رحمان بابا ایکسپریس کے اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ زخمی مسافروں کی اسپتال سے رخصتی کے بعد ان کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



