وزیراعظم دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردی کے مسئلے پر وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی تیار کریں۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم آج بھی دہشت گردی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج کا سامنا کر رہا ہے، جس کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتِ حال کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہیں مل رہا تھا، جبکہ بلوچستان میں صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو وزیراعظم سے ملاقات کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ضد چھوڑ کر وزیراعظم سے ملاقات کریں۔ ان کے مطابق محمود اچکزئی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے دستخط سے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالا ہے، لیکن وہ اسپیکر چیمبر میں جانے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاسوں میں اپوزیشن کے بعض رہنما شرکت نہیں کرتے، حالانکہ وہاں اہم قومی معاملات پر کھل کر بات چیت ہوتی ہے۔ انہوں نے ایک فوجی افسر کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
رانا ثنا اللہ نے سیاسی ملاقاتوں کے دوران اداروں کے خلاف بیانیہ بنانے اور بدزبانی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پر پابندیاں قواعد و ضوابط اور قوانین کے تحت لگائی جائیں گی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی وہ عدالتوں کے ذریعے اور کبھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعے رہائی کی کوشش کرتے ہیں۔



