بیرونی 71 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید، سب سے زیادہ سعودی عرب اور امارات میں ہیں،وزارت خارجہ کے اعداد وشمار جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) دنیا کے 71 ممالک کی جیلوں میں مجموعی طور پر 21 ہزار 647 پاکستانی شہری قید ہیں، جن میں سے 8 ہزار 569 افراد کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں، جبکہ 13 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے مقدمات مختلف ممالک کی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے قیدیوں سے متعلق تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔

وزارتِ خارجہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بیرونِ ملک قید پاکستانیوں کی سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہے۔ سعودی عرب کی جیلوں میں 10 ہزار 745 جبکہ متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 297 پاکستانی قید ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق قطر میں 599، عمان میں 578، بحرین میں 218 اور عراق میں 81 پاکستانی شہری جیلوں میں موجود ہیں۔ اسی طرح بھارت کی جیلوں میں 738، چین میں 625، یونان میں 516، ملائیشیا میں 444، اٹلی میں 353 اور ترکی میں 190 پاکستانی قید ہیں۔

وزارتِ خارجہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں 141، برطانیہ میں 23، آسٹریلیا میں 27، تھائی لینڈ میں 35، ایران میں 169، افغانستان میں 91 اور کرغزستان میں بھی 91 پاکستانی شہری مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونِ ملک قید پاکستانیوں کے مقدمات مختلف قانونی مراحل سے گزر رہے ہیں اور ہزاروں افراد کو عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق ان مقدمات میں منشیات کی اسمگلنگ، کرنسی سے متعلق جرائم، انسانی اسمگلنگ، جعل سازی اور دیگر جرائم کے الزامات شامل ہیں۔ تاہم، زیرِ سماعت مقدمات میں شامل افراد کے خلاف الزامات کو عدالتی فیصلے سے پہلے ثابت شدہ جرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button