امریکی خاتون کی قسمت چمک اٹھی، تحفے میں ملنے والے ٹکٹ سے کروڑوں روپے جیت لیے

ورجینیا(جانوڈاٹ پی کے)امریکا میں ایک خاتون اس وقت جان کر دنگ رہ گئی جب شوہر کے دیے گئے ایک چھوٹے سے تحفے نے اسے کروڑ پتی بنا دیا۔
جی ہاں واقعی امریکی ریاست ورجینیا میں یہ واقعہ سامنے آیا۔
یہ خوش قسمت خاتون بیڈ فورڈ کاؤنٹی کی رہائشی ہے اور اسے شوہر نے ایک لاٹری ٹکٹ تحفے میں دیا تھا۔
ورجینیا لاٹری حکام کے مطابق شوہر نے 2 لاٹری ٹکٹ خریدے تھے جن کو اسکریچ کرنے پر انعام نکلتا ہے اور دونوں اپنی بیوی کو تحفے میں دے دیے۔
خاتون نے اپنی قسمت کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور لاٹری ٹکٹ کو اسکریچ کیا۔
وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئی کہ ایک ٹکٹ میں اس کا سب سے بڑا انعام 5 لاکھ 77 ہزار 777 ڈالرز (16 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) موجود تھا۔
شوہر کی جانب سے ایک چھوٹے سے تحفے نے اس جوڑے کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔
اس خاتون نے ورجینیا لاٹری حکام کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کا تحفہ اس کے لیے خوش قسمتی لے کر آیا۔
جب اس سے پوچھا گیا کہ انعامی رقم کے ساتھ وہ کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تو اس کا کہنا تھا کہ وہ کچھ رقم کو سیاحت پر خرچ کرے گی۔
رپورٹ میں اس جوڑے کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔



