خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کو بڑا قانونی چیلنج،پشاور ہائیکورٹ نے درخواستیں کل سماعت کے لیے مقرر کردیں

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پشاور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل ہوگا، جو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر اور محمود خان اچکزئی کی جانب سے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے اقدامات کو چیلنج کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر درخواست میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے اقدام کو قانونی طور پر جانچا جائے۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں ضمنی درخواست بھی دائر کردی ہے، جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قراردادوں اور ان سے متعلق اعلامیے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
ضمنی درخواست میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے نوٹیفکیشنز کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ اب عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے مؤقف اور حکومتی اقدامات کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے گا۔



