عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آگئیں،برینٹ خام تیل108.80ڈالر فی بیرل پر

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایشیائی منڈیوں میں پیر کی صبح کاروبار کے آغاز پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے تقریباً ایک فیصد گر کر 108.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔
رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں کمی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جمعے کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت روس سے متعلق متعدد مجوزہ پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان پابندیوں کا نفاذ چند روز بعد ہونا تھا، جن میں روسی مصنوعات پر محصولات اور روسی تیل و گیس خریدنے پر عائد کی جانے والی سزائیں بھی شامل تھیں۔
خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی جمعے کو ہونے والے اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، جب کاروباری سرگرمیوں کے اختتام پر قیمتیں 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق روسی برآمدات سے متعلق پابندیوں اور محصولات میں نرمی کا مقصد روس کو مذاکرات کی میز پر برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔ عالمی منڈی میں سرمایہ کار اب اس فیصلے کے ممکنہ اثرات اور تیل کی رسد سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔



