شہدا کی قربانیوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، حنیف عباسی کا مولاناپر طنز

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے سیاسی مقاصد کے لیے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ان کی باتیں بہت تکلیف دے رہی ہیں اور اقتدار نہ ملنے کی وجہ سے وہ اس نوعیت کے بیانات دے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے کسی ادارے کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کا ساتھ دینے کا الزام بھی عائد کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مولانا فضل الرحمان پر ڈیزل پرمٹ سے متعلق الزامات لگاتے رہے ہیں۔ ان کے بقول، انہیں معلوم نہیں کہ شاید مولانا سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے باعث گورنر راج نافذ کیا گیا۔ انہوں نے صوبے میں کرپشن اور غیر قانونی ٹھیکوں کے ذریعے اربوں روپے کی مبینہ خوردبرد کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں انتشار اور فساد کی سیاست کا خاتمہ کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور پولیس سمیت تمام اداروں کے اہلکار وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں ملک کی بقا اور سلامتی کی ضامن ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو یاد رکھنا چاہیے کہ دہشت گرد ان پر بھی حملے کر چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا خیبرپختونخوا میں کسی شہید اہلکار کے جنازے میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ وزیر ریلوے کے مطابق مولانا کے حالیہ بیانات شہدا کے اہلخانہ کے لیے اذیت کا باعث بنے ہیں، جبکہ انہوں نے شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کیا۔
معدنیات کے معاہدوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے سوال اٹھایا کہ مولانا فضل الرحمان بتائیں کہ کس ملک کے ساتھ معدنیات کا معاہدہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں معدنیات کے ٹھیکوں سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفاد کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی کو بھی ریڈ لائن عبور نہیں کرنے دی جائے گی۔



