بجلی چوری کرنے والوں کے لیے نیا نظام، جون 2027 سے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمرز پر لوڈشیڈنگ ہوگی، اویس لغاری

ڈیرہ غازی خان (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ جون 2027 سے بجلی چوری کرنے والے علاقوں میں فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی، تاکہ بجلی چوری کرنے والوں کے باعث دیگر صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈیرہ غازی خان میں فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ رات کے وقت دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو فی یونٹ 6 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے پارٹی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کے لیے اسمبلی میں قراردادیں بھی منظور کروا چکی ہے۔

فاروق لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منصوبے سے متعلق اویس لغاری نے بتایا کہ ایئرپورٹ گزشتہ پانچ سال سے غیر فعال تھا، تاہم وزیراعظم سے اس کی توسیع کا منصوبہ منظور کرایا گیا ہے۔ منصوبے پر ساڑھے پانچ ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کو اگلے سال کے اختتام تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت رن وے کی توسیع کی جا رہی ہے تاکہ رات کے وقت بھی طیاروں کی لینڈنگ ممکن ہو سکے۔ اس منصوبے سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے علاوہ قریبی صوبوں کے اضلاع کے مسافر بھی مستفید ہوں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی نے ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا، جہاں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام نے انہیں پیش رفت پر بریفنگ دی۔

حکام کے مطابق رن وے کی لمبائی 6 ہزار فٹ سے بڑھا کر 10 ہزار فٹ اور چوڑائی 30 میٹر سے بڑھا کر 45 میٹر کی جا رہی ہے۔ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، جبکہ رات کے وقت لینڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

فاروق لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بحالی سے خطے میں فضائی سفری سہولیات بہتر ہونے اور مسافروں کو آمدورفت کے لیے اضافی سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button