موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سوئٹزرلینڈ کا تعاون چاہتے ہیں، گورنر پنجاب کی سوئس سفیر سے ملاقات

گورنر ہاؤس لاہور میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر سٹیفن رے سے ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اسامہ قیصر خان بھی موجود تھے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو سیلاب اور زرعی فصلوں کے نقصانات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ دونوں ممالک کے سائنسدانوں اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام شروع کرنے سے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
گورنر پنجاب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی سوئس کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی کمپنیاں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سوئس سفیر سٹیفن رے نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک اہم ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان کے ساتھ تجارت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔



