ایپل کے پہلے فولڈنگ آئی فون کی دھوم، پری آرڈر کھلتے ہی ڈیلیوری کے لیے کئی ماہ انتظار کا اعلان

ایپل نے گزشتہ ماہ ایک تقریب کے دوران آئی فون ڈوو متعارف کرایا تھا، جس کے ساتھ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس بھی پیش کیے گئے۔ کمپنی کے اس پہلے فولڈنگ اسمارٹ فون کو آئی فون کے تقریباً 20 سالہ سفر میں ڈیزائن کی ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
اعلان کے مطابق آئی فون ڈوو کے پری آرڈرز 16 اکتوبر سے شروع ہوئے تھے، جبکہ باقاعدہ فروخت اور ابتدائی خریداروں کو ڈیلیوری 23 اکتوبر سے ہونا تھی۔ تاہم امریکا اور برطانیہ میں ایپل کے آن لائن اسٹورز پر نئے آرڈرز دینے والے صارفین کو بتایا گیا کہ فون کی ڈیلیوری کے لیے 22 جنوری تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
پری آرڈرز شروع ہونے کے فوری بعد ڈیلیوری کی تاریخوں میں اتنی تاخیر سامنے آنا نئے فولڈنگ آئی فون کی غیر معمولی طلب کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم دستیاب معلومات سے فروخت ہونے والے یونٹس کی حتمی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔



