خیبر پختونخوا میں بدامنی پر پی ٹی آئی جواب دے، طارق فضل چوہدری

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک سینئر سیاستدان ہیں اور دہشت گردی کے نقصانات سے بخوبی آگاہ ہیں، اس لیے ان سے توقع ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔
وفاقی وزیر نے مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنی وسائل پر قبضے سے جوڑنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی الزامات کی نذر کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 13 سال تک حکومت کرنے والی پی ٹی آئی کو صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتِ حال کے حوالے سے اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے افسران اور جوان ملک میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاسی الزام تراشی کے بجائے قومی اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن، تحفظ اور ترقی چاہتے ہیں، لہٰذا سیاسی تنازعات کو ہوا دینے کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دی جانی چاہیے۔



