پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، احسن اقبال
برآمدات بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط برانڈز ضروری ہیں، احسن اقبال

صوبائی دارالحکومت میں ’’اقدار پر مبنی معاشرہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ گول میز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس صنعت کی ترقی اور عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، پیداواری لاگت میں کمی اور عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی مؤثر برانڈنگ برآمدات بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔ ان اقدامات سے مصنوعات کا معیار بہتر بنانے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت کی صلاحیت بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریوں کو عالمی سطح پر مستحکم تسلیم کیا جا رہا ہے، تاہم معاشی ترقی کی رفتار برقرار رکھنے اور برآمدات میں اضافے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ بجٹ میں برآمد کنندگان کے لیے خصوصی مراعات بھی دی گئی ہیں، جن کا مقصد برآمدی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں بہتر مقام دلانے کے لیے حکومت، صنعت کاروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔



