کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد کی راہ ہموار، پہلی کھیپ نومبر 2026 تک پہنچنے کی یقین دہانی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید، مؤثر اور ماحول دوست بنانے کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے چین کے شہر شنگھائی میں بسیں تیار کرنے والی کمپنیوں کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔

شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ بس مینوفیکچرنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رابن شین نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے لیے تعاون اور معاونت کی پیشکش کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دینا ہے۔

سینئر وزیر نے ہائیگر بس کمپنی کے نائب صدر لیو ژینگ سے بھی ملاقات کی، جس میں کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ کمپنی کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026 تک فراہم کر دی جائے گی۔

ملاقاتوں میں گرین انرجی کے فروغ اور سندھ کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اسد ضامن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی سمیت پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو فعال اور آپریشنل بنانا اور شہریوں کو معیاری، جدید اور مؤثر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا فروغ صوبائی حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button