سندھ کی تقسیم کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،ڈاکٹر قادر مگسی

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی )سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا اور سندھ کی وحدانیت پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ سندھ اس وقت خطرات سے دوچار ہے، لیکن سندھ کے عوام اپنی مادرِ وطن کی تقسیم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بات ماتلی میں شہید جمال شاہ کی 27ویں برسی کے موقع پر منعقدہ ’’سندھ میری ماں‘‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کے سات کروڑ عوام اپنی دھرتی کے محافظ ہیں اور سندھ صرف ایک وطن نہیں بلکہ دریائے سندھ کی عظیم تہذیب اور تاریخی شناخت کا نام بھی ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کو خبردار کیا کہ سندھ دشمن سازشیں بند کی جائیں اور عوام کو گمراہ کرنے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام اپنی دھرتی ماں کے لیے بھوک اور دیگر مصائب برداشت کرسکتے ہیں، لیکن اپنی سرزمین کا سودا کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے بھی سندھ کو اپنی ماں سمجھتے ہیں، اس لیے سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے فاروق ستار کے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں بند کی جائیں اور سندھ کے عوام کی شناخت کے ساتھ مذاق نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے اور ان کی جماعت مختلف محاذوں پر جدوجہد کر رہی ہے، جن میں سب سے اہم جنگ سندھ کو بچانے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں بیٹھے بعض لوگ سندھ کے وسائل سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور دوسری جانب سندھ کی تقسیم کی باتیں بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی جمہوری شکل اسی وقت بحال ہوگی جب پارلیمان بااختیار ہوگی۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ سندھ کی تقسیم سے متعلق سازشیں بند کی جائیں، کیونکہ سندھ کے عوام اپنی دھرتی کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم نہ محسن نقوی کے اختیار میں ہے اور نہ ہی کسی حکومتی نظام کو سندھ کی وحدت ختم کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے سندھ کی تقسیم کے حامیوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک وحدت تھا، ہے اور رہے گا۔ جلسے سے ڈاکٹر احمد نوناری، شاہنواز سیال، اسلم مہندو، گل محمد شاہ، خالد مگسی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔



