ڈیپلو کے گاؤں ویڑہار میں خاتون کے مبینہ قتل کا مقدمہ درج،شوہر سمیت چار افراد نامزد

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی)تھرپارکر کی تحصیل ڈیپلو کے گاؤں ویڑھار میں 30 سالہ خاتون شانتی میگھواڑ کی ہلاکت کے معاملے میں پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی فریاد پر شوہر سمیت چار نامزد ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فریادی ڈاڑھوں ولد کانجی میگھواڑ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ 3 اکتوبر 2026 کو ان کی بہن شانتی زوجہ مٹھو کو مبینہ طور پر گھر کے اندر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ فریادی کے مطابق واقعے کو دل کا دورہ قرار دے کر معاملے کو چھپانے کی کوشش کی گئی اور بعد ازاں خاتون کو دفنا دیا گیا۔پولیس نے فریادی کی درخواست پر ڈیپلو تھانے میں مٹھو، نتھو رام، امولک اور مسز مصران کے خلاف کرائم نمبر 58/2026 درج کیا ہے۔ مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 302، 201 اور 506-34 شامل کی گئی ہیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق مقدمے میں قتل، شواہد چھپانے اور مشترکہ ارادے سے متعلق الزامات شامل ہیں۔ واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین پولیس تفتیش اور قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔ تاحال ملزمان کے خلاف عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button