ماتلی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی 6 سالہ بچہ دورانِ علاج دم توڑ گیا

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی کے کیٹی پاڑے میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا چھ سالہ معصوم بچہ ذیشان شیدی دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے باعث گھر میں کہرام مچ گیا۔ متوفی بچے کے والد عرفان شیدی کے مطابق ذیشان چند روز قبل گھر کے قریب کھیلتے ہوئے آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوگیا تھا، جس کے بعد اسے تعلقہ اسپتال ماتلی میں علاج کے لیے لے جایا گیا، جہاں اسے کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی گئی۔ والد کے مطابق گزشتہ رات بچے کی طبیعت اچانک دوبارہ خراب ہوگئی، تاہم آج وہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔ معصوم بچے کی ہلاکت پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔



