ایس ایس پی بدین کی گلاب لغاری میں کھلی کچہری،شہریوں کی شکایات پر انکوائری کا حکم

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے گلاب لغاری میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے زمین کے تنازعات، زرعی پانی، گٹکے کی فروخت اور گاڑیوں میں فینسی لائٹس کے استعمال سے متعلق شکایات پر بعض معاملات میں ڈی ایس پی ماتلی کو میرٹ پر انکوائری کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ گاڑیوں میں فینسی لائٹس کے خلاف ضلع بھر میں 15 روزہ خصوصی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ صوفی شادی ہال گلاب لغاری میں منعقدہ کھلی کچہری میں گلاب لغاری اور گردونواح کے شہریوں اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست پولیس کے اعلیٰ افسر کے سامنے پیش کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی بدین نے کہا کہ ضلع پولیس منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حیدرآباد رینج میں آئس فروشی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے بدین پولیس کارکردگی میں پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فوری پولیس امداد فراہم کرنے کے لیے 15 مددگار پولیس سروس قائم کی گئی ہے، جبکہ عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ فینسی لائٹس کے خلاف جاری خصوصی مہم 15 روز تک جاری رہے گی، جس میں ضرورت کے مطابق توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے تھانہ گلاب لغاری کی عمارت کو کسی موزوں اور کشادہ مقام پر ازسرِنو تعمیر کرنے، پولیس نفری میں اضافے، گشت کے نظام کو مؤثر بنانے اور پولیس اہلکاروں کی رہائش کے بہتر انتظامات سمیت مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کو اپنے مسائل براہِ راست اعلیٰ پولیس حکام تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی ماتلی طارق لطیف خانزادہ، ایس ایچ او تھانہ گلاب لغاری انسپکٹر فیاض علی برڑو، انچارج ڈی آئی بی انسپکٹر محمد خان سومرو، ابیر سریوال، تنویر احمد سریوال، مقامی صحافیوں، شہریوں اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button