بدین:اکرم واہ میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش نہ مل سکی، ورثاء کا تھرکول روڈ پر دھرنا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے) وہنائی موری کے قریب اکرم واہ کی پل سے گر کر نہر میں ڈوبنے والے نوجوان عبدالحکیم سومرو کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی، جبکہ اس کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے دوسری جانب نوجوان کی لاش نہ ملنے اور بروقت ریسکیو ٹیم طلب نہ کیے جانے کے خلاف ورثاء نے بدین، ٹنڈو باگو تھرکول روڈ بلاک کرکے دھرنا دے دیا متوفی نوجوان کے ورثاء کے مطابق عبدالحکیم سومرو گزشتہ روز شام 6 بجے اکرم واہ کی پل سے گر کر نہر میں ڈوب گیا تھا، تاہم واقعے کے بعد سے انتظامیہ ریسکیو ٹیم طلب کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث اہل خانہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ریسکیو ٹیم طلب کرکے نوجوان کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے اور اس کی لاش برآمد کرکے ورثاء کے حوالے کی جائے
دھرنے کے مقام پر اسسٹنٹ کمشنر بدین نے ورثاء سے مذاکرات کیے۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے غوطہ خور بھی طلب کیے گئے، تاہم نوجوان کی لاش برآمد نہیں ہو سکی تھی۔ ورثاء نے مطالبہ کیا کہ نوجوان کی تلاش کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے



