بھارت کی دھمکیاں مسترد، پاکستان کا جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان
پاکستان کے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات اس کی بالادستی کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت کا جارحانہ طرز عمل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔ پاکستان کسی بھی غیر دانشمندانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ گزشتہ سال کے تجربات سے سبق سیکھے، جارحانہ طرز عمل اور خطرناک بیان بازی ترک کرے۔ سجاد حیدر خان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی بھی مذمت کی اور سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔



