پنجاب اے آئی دور میں داخل، خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے، مریم نواز کا پی ٹی آئی پر طنز

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عوام کو شعور دینے کے دعوے کیے، انہوں نے عوام کی زندگیاں تباہ کر دیں۔ ان کے بقول تحریک انصاف کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی بلکہ پی ٹی آئی نے خود اپنی حکومت ختم کی۔ انہوں نے اسے ایسا لانگ مارچ قرار دیا جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اب خیبرپختونخوا کے عوام کو معلوم ہوگا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر گھر سے نکلی ہیں اور نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا۔ مریم نواز کے مطابق دوسرے صوبوں سے آنے والے افسران بھی پنجاب کے محکموں میں عوامی خدمت کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی اور یہ سہولت صوبے کی تمام تحصیلوں تک پہنچائی جائے گی۔ ان کے مطابق الیکٹرک بسوں کا کرایہ 20 روپے برقرار ہے، جبکہ نوجوانوں کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک سکوٹیز کی ماہانہ قسط 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے تاکہ ان پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں اے آئی لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
تعلیمی اداروں کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے وزارتِ اعلیٰ سنبھالی تو 80 فیصد جامعات میں وائس چانسلر تعینات نہیں تھے، تاہم اب ان کے مطابق ہر یونیورسٹی میں میرٹ پر وائس چانسلر تعینات کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارش اگر ان کے اپنے گھر سے بھی آئے تو قبول نہیں کرتیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں حکومت عوام کے پاس پہنچ رہی ہے اور ان کا مشن ہر شہری کو اس کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں ادویات مریضوں کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔



