پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون میں پیش رفت،الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کے پاک چین اقتصادی تعاون کے وژن پر پیش رفت، الیکٹرک بسوں کی تیاری کے لیے گو گو موٹرز اور شینگ تانگ گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

پاکستان چین بزنس فورم کے زیرِ اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا جس میں حکومتی شخصیات، سفارت کاروں اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا اور سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتی ترقی کو فروغ دینا تھا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دوطرفہ تعاون کے اگلے مرحلے میں اس تاریخی دوستی کو صنعتی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافے کی صورت میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن پاکستان کی معاشی صلاحیت کو پائیدار صنعتی ترقی، پیداواری روزگار اور برآمدات میں اضافے میں تبدیل کرنا ہے۔ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور کاروبار سے کاروبار کی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ سرمایہ کاری میں دلچسپی کو قابلِ عمل اور تجارتی طور پر مؤثر منصوبوں میں تبدیل کیا جا سکے۔

مشیر نے وزارتِ صنعت و پیداوار کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت متعلقہ وزارتوں، اداروں اور چینی سفارت خانے کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے چینی کاروباری وفود کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ممکنہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام اور اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں وفود کو ضروری انتظامی اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق تقریب کا ایک اہم سنگِ میل گو گو موٹرز اور شینگ تانگ گروپ کے درمیان پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی تیاری کے لیے مجوزہ مشترکہ منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط تھے اس اقدام کا مقصد ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کے تحت برآمدات کے قابل گاڑیاں تیار کرنے کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

 ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک موبلٹی کا شعبہ پاکستان کے لیے مینوفیکچرنگ کی بنیاد وسیع کرنے، مقامی سپلائی چینز کو ترقی دینے اور جدید آٹو موٹیو ٹیکنالوجی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون پاکستان کو زیادہ قدر پر مبنی پیداوار کی طرف لے جانے اور ہنرمند افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی سہولت، ٹیکنالوجی کی منتقلی، قابلِ اطلاق مراعات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول بہتر بنانے کے حکومتی عزم کا بھی اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button