معاشی استحکام کیلئےنوجوانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے،یوسف رضاگیلانی

دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا مقصد انہیں معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جو ضرورت مند گھرانوں کی مدد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بااختیار بنانا معاشرتی ترقی کے بنیادی تقاضے ہیں۔ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرکے قومی ترقی کے عمل میں ان کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہے، اس لیے انہیں بااختیار بنانے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کو خواتین کی نمایاں خدمات کے اعتراف کی اہم کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔



