اسلام آباد میں شیشہ کیفیز کے خلاف بڑا ایکشن،4کیفے سیل،تمام این اوسیزمنسوخ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت میں عدالتی احکامات پر شیشہ کیفیز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ای الیون میں چار کیفے سیل کر دیے گئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے ای الیون میں کارروائی کرتے ہوئے چار شیشہ کیفے سیل کیے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری کارروائیاں کرنے اور عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں شیشہ کیفے مالکان کو جاری کیے گئے تمام این او سیز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور سمیت ہر قسم کے شیشہ کیفیز کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے معاملے میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button