لاہور میں ن لیگی ایم پی اے عون حمید ڈوگر کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ، اہلیہ اور بچے بال بال بچ گئے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر کی لاہور میں واقع رہائشگاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے شدید فائرنگ کردی،جس سے گھر کی دیواروں، شیشوں اور دیگر اشیا کو نقصان پہنچا جبکہ گھر کے اندر کھڑی دو گاڑیاں بھی گولیوں کی زد میں آگئیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ8اکتوبر کی رات تقریباً11بجے لاہور کے علاقے طارق گارڈن میں پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے گھر کے باہر سے خودکار اسلحے کے ذریعے شدید فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے وقت سردار عون حمید ڈوگر کی اہلیہ اور بچے گھر کے اندر موجود تھے۔ مسلح افراد نے جس وقت گولیاں چلائیں، اہل خانہ نے اپنی جان بچائی۔ فائرنگ سے گھر کی املاک کو نقصان پہنچا، تاہم اہل خانہ محفوظ رہے۔لاہور پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ 9 اکتوبر کو تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا۔ مقدمہ رکن پنجاب اسمبلی کے سالے محمد جنید شعیب ڈوگر کی درخواست پر تعزیرات پاکستان کی دفعات 324 اور 440 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب سردار عون حمید ڈوگر نے بتایا کہ جس وقت ان کے گھر پر فائرنگ کی گئی، وہ لاہور میں موجود نہیں تھے بلکہ اپنے حلقے میں تھے، تاہم ان کی فیملی گھر میں موجود تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کمرے میں ان کے بچے اور اہلیہ موجود تھے، اسی کمرے کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے اہل خانہ کی جان بچائی، جبکہ ان کا خاندان 2016 سے اس گھر میں رہائش پذیر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button