کلوئی کے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول محمد خان لنڈ میں شاندار سائنسی نمائش، طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کلوئی کے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول محمد خان لنڈ میں سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے مختلف سائنسی ماڈلز، تخلیقی منصوبوں اور پریزنٹیشن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔نمائش میں والدین، مختلف اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانوں نے طلبہ کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز اور تخلیقی کاموں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میں شریک مہمانوں کا کہنا تھا کہ کلوئی میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا پروگرام ہے، جس میں طلبہ نے اپنے علم، خوداعتمادی، پریزنٹیشن اسکلز اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کی مشترکہ محنت، لگن اور جذبے نے اس پروگرام کو کامیاب بنایا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو مناسب رہنمائی، حوصلہ افزائی اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ تعلیم اور سائنس کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ سائنسی نمائش کو طلبہ کی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور سائنسی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔



