فرانس میں اسکول کے اندر فائرنگ، پرنسپل اور ٹیچر زخمی، 14 سالہ طالب علم گرفتار

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس میں ایک مڈل اسکول کے پرنسپل اور ٹیچر پر فائرنگ کے شبہے میں پولیس نے 14 سالہ طالب علم کو حراست میں لے لیا، واقعے میں دونوں تعلیمی عملے کے ارکان زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے پستول گٹار کے کیس میں چھپا رکھا تھا۔ استغاثہ کے مطابق واقعہ اوبگن کے علاقے میں واقع جوزف لکانال مڈل اسکول میں پیش آیا، جہاں لڑکے نے اسکول کی دو منزلوں پر گھومتے ہوئے متعدد گولیاں چلائیں۔
حکام نے بتایا کہ اسکول کے عملے کے ایک رکن نے مبینہ حملہ آور طالب علم کو غیر مسلح کیا، جس کے بعد پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں اسکول کے پرنسپل اور ایک ٹیچر زخمی ہوئے، تاہم ان کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ واقعے کے محرکات جاننے اور معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے کارروائی جاری ہے۔
اوبگن فرانس کے جنوبی حصے میں واقع بحیرہ روم کے ساحلی شہر مارسیل سے تقریباً 15 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔



