معاذ صداقت کا خواب پورا ہوگیا، محمد رضوان نے نوجوان کرکٹر سے جڑی یادگار کہانی سنا دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی پر سابق کپتان محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے جڑی ایک یادگار کہانی شیئر کردی۔
محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں وہ وقت آج بھی یاد ہے جب معاذ اپنے بھائی ہارون کے ہمراہ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے۔ اس وقت معاذ کی آنکھوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب تھا، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔
رضوان نے معاذ صداقت کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنے خوابوں پر یقین رکھیں، کیونکہ کامیابی کے لیے محنت، صبر اور مستقل مزاجی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
سابق کپتان نے سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے پر کپتان صاحبزادہ فرحان اور قومی ٹیم کو بھی مبارک باد دی۔
معاذ صداقت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پاکستان کی چار وکٹوں سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ نوجوان بیٹر نے دوسرے میچ میں بھی اپنی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
معاذ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہونے کے باعث اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل نہ کر سکے، تاہم ان کی جارحانہ بیٹنگ نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرلی۔ ان کے 7 چھکوں نے پاکستان کی جانب سے انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے ریکارڈ کی برابری بھی کی۔
محمد رضوان کی جانب سے معاذ کے بچپن کے خواب کا ذکر نوجوان کرکٹر کے سفر کی ایک ایسی یادگار جھلک ہے جو محنت، لگن اور قومی ٹیم کی نمائندگی کے جذبے کو اجاگر کرتی ہے۔



