چین اور روس ایران کی مدد نہیں کر رہے، مجھے یقین ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا ہے کہ روس اور چین ایران کو بڑے پیمانے پر مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین نہیں کہ ماسکو اور بیجنگ تہران کی مدد کر رہے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک کے پاس اس معاملے میں کھونے کے لیے بہت کچھ ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ناقدین کو تنقید کا نشانہ بنایا جو دعویٰ کر رہے ہیں کہ چین اور روس ایران کی مدد کر رہے ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق اگر دونوں ممالک کی جانب سے کسی قسم کی مدد فراہم کی بھی جا رہی ہے تو وہ انتہائی محدود سطح پر ہوسکتی ہے، تاہم انہیں اس حوالے سے بھی یقین نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ماسکو یا بیجنگ ایران کی معاونت کر رہے ہوتے تو واشنگٹن کو اس کا علم ہوجاتا، بلکہ اس بارے میں بہت جلد معلومات حاصل ہوجاتیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر روس اور چین ایران کی مدد کرتے ہیں تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل جولائی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ انہیں توقع ہے کہ چین اور روس ایران کے ساتھ جاری جنگ میں تہران کی مدد نہیں کریں گے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر دونوں ممالک نے تنازع میں مداخلت کی تو اس کے ان کے لیے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔



