ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت نے احتجاج، دہشت گردی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت جج ابوالحسنات کریں گے۔
جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ کیا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی؟ اس پر شیریں مزاری نے بتایا کہ انہیں بہت زیادہ تنگ کیا جاتا ہے، جس کے بعد ملاقات کرائی جاتی ہے۔
اس موقع پر وکیل صفائی ریاست آزاد نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت پرسوں کے لیے مقرر کردی جائے۔ اس پر جج طاہر عباس سپرا نے بتایا کہ متعلقہ جج پرسوں عدالت نہیں آئیں گے، کیونکہ ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ عدالت وکلا کو اتنی سہولت دے کہ وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوسکیں۔
جج طاہر عباس سپرا نے مزید بتایا کہ متعلقہ جج 19 اکتوبر کو واپس آکر کیس کی سماعت کریں گے۔ بعد ازاں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے وکلا نے سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔



