خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے کھل گئے

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، تاہم حساس علاقوں میں راستوں کی بندش کے باعث طلبہ کو سکولوں اور کالجوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا ہے کہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایس ٹی) اور کالجوں میں امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے، جبکہ گزشتہ روز ملتوی کیے گئے پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے چھٹی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
حکام کے مطابق ضلع کرک میں بھی پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سکول آج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم مردان اور صوابی میں ڈپٹی کمشنرز کے احکامات کے تحت تعلیمی ادارے بند ہیں۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لے کر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کر سکتی ہے، جس پر متعلقہ علاقوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔
ادھر ٹرانس پشاور کے مطابق بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس بھی آج سے بحال کر دی جائے گی، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔



