آج قدرتی آفات کے تدارک کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 13 اکتوبر کو قدرتی آفات کے تدارک کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد زلزلوں، سیلابوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات اور پیشگی تیاریوں سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کی ہدایت پر منائے جانے والے اس دن کے موقع پر قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے، مؤثر منصوبہ بندی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے لیے قدرتی آفات ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر معمولی بارشوں، گلیشیئرز کے پگھلنے اور شدید سیلابوں کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے انسانی زندگیوں، املاک اور معیشت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔

ماہرین کے مطابق قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں، تاہم بہتر منصوبہ بندی، جدید پیشگی اطلاع کے نظام اور بروقت حفاظتی اقدامات کے ذریعے ان کے تباہ کن اثرات کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا مطلب صرف آفت کے بعد امدادی کارروائیاں کرنا نہیں بلکہ آفت سے پہلے خطرات کی نشاندہی، عوام کی تربیت، محفوظ عمارتوں کی تعمیر اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری بھی اس کا بنیادی حصہ ہیں۔

عالمی دن کا پیغام ہے کہ قدرتی آفات سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کم کرنے کے لیے حکومتوں، متعلقہ اداروں اور عوام کو مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ اور معاشروں کو آفات کے مقابلے میں زیادہ مضبوط بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button