ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 4 مسافر جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

شجاع آباد(جانوڈاٹ پی کے) کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے میں 4 مسافر جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ صبح سوا پانچ بجے پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
حادثے کے باعث متاثرہ مسافر اپنے سامان سمیت ریلوے ٹریک کے کنارے بیٹھے رہے، جبکہ اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ حادثے کے بعد ریلوے آپریشن متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ روہڑی کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی نویں بوگی کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی اور تاحال یہ واضح نہیں کہ اس معاملے کا حادثے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔
بعض ذرائع کی جانب سے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ واقعے کی وجوہات کا تعین حقائق اور متعلقہ شواہد کی جانچ کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔



