وزارت خارجہ اور ایچ ای سی میں ڈیٹا بیس انضمام کا معاہدہ، اسناد کی تصدیق آسان بنانے کا فیصلہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدے کے تحت ڈیجیٹل اسناد اور آن لائن سہولیات کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق میں تاخیر کم کرنے اور بیشتر معاملات میں شہریوں کو ذاتی طور پر دفاتر کے چکر لگانے سے بچانے میں مدد ملے گی۔
اس اقدام سے بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی مستفید ہوسکیں گے، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کا طریقۂ کار مزید مؤثر اور قابلِ رسائی بنایا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قونصلر خدمات میں بہتری ہمیشہ حکومت کی ترجیحات میں شامل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 2024 میں اپوسٹیل نظام بھی متعارف کرایا گیا تھا۔نائب وزیراعظم کے مطابق وزارت خارجہ اور ایچ ای سی کے ڈیٹا بیس کا انضمام دستاویزات کی تصدیق کی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کے لیے سہولت بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔



