آسٹریا میں اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف طلبہ کا احتجاج

ویانا(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں جمعہ 9 اکتوبر 2026ء کو اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کے اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف آواز بلند کی اور مذہبی آزادی مساوات اور عدم امتیاز کے مطالبات پیش کیے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرے کا آغاز دوپہر 12 بجے ویانا کے (Platz der Menschenrechte) سے ہوا۔ احتجاجی ریلی شہر کے مرکزی علاقوں سے گزری، جبکہ منتظمین اور طلبہ نے حجاب پر پابندی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مظاہرے کے باعث شہر کے بعض مرکزی راستوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

آسٹریا میں یکم ستمبر 2026ء سے 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لیے اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی نافذ ہوئی تھی۔

اس قانون پر مختلف حلقوں کی جانب سے مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ اس کی آئینی حیثیت کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔

ویانا میں ہونے والا یہ احتجاج آسٹریا میں حجاب پر پابندی کے معاملے پر جاری بحث اور اختلافات کی اہم کڑی ہے۔ اس معاملے پر آئندہ عدالتی پیش رفت بھی اہمیت کی حامل ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button