وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ریاض کے مسافر ہوائی اڈے پر حوثی حملے پر اظہار تشویش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ہوائی اڈے پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شاہ خالد ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔ 6 پاکستانیوں سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ ریاض میں سفارت خانے کو زخمی پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت بھی کردی۔
اسحاق ڈار نے شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا۔ کہا سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ پاکستان مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کیلئے پر عزم ہے۔



