خیبرپختونخوا میں گورنر راج کامجوزہ خاکہ سامنے آگیا،12اضلاع کیلئے50رکنی کونسل،گورنر کی11رکنی کابینہ بنانےکامنصوبہ

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق مجوزہ انتظامی سیٹ اَپ کے خدوخال سامنے آگئے ہیں، جس کے تحت صوبائی اسمبلی معطل کرنے، 8 قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع کے لیے 40 سے 50 ارکان پر مشتمل ایریا ڈویلپمنٹ کونسل قائم کرنے اور گورنر کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کابینہ تشکیل دینے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ ایریا ڈویلپمنٹ کونسل کا مقصد شورش زدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تیز کرنا ہوگا۔ کونسل میں 8 قبائلی اضلاع کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کو بھی شامل کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اضلاع کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس تعینات کیے جائیں گے، جبکہ اعلیٰ سرکاری افسران وفاقی حکومت کو جوابدہ ہوں گے۔

مجوزہ انتظامات کے تحت ایمرجنسی کے دوران گورنر کو تمام اختیارات تفویض کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ گورنر 11 رکنی ایڈوائزری کابینہ تشکیل دیں گے، جس میں 10 ٹیکنوکریٹس شامل ہوں گے، جبکہ ثمر بلور ممکنہ طور پر واحد سیاست دان کی حیثیت سے کابینہ کا حصہ بن سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ سیٹ اَپ میں صوبے میں امن و امان کی بحالی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا اسمبلی معطل کرنے کے ساتھ اسمبلی کے عملے کے اختیارات بھی معطل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تفصیلات ذرائع کی جانب سے سامنے آنے والی مجوزہ تجاویز سے متعلق ہیں، جن کی حتمی حیثیت سرکاری اعلان یا نوٹیفکیشن سے ہی واضح ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button