گورنرراج اورایمرجنسی مسائل کا حل نہیں،حکومت کاچراغ بجھنے والا ہے،حافظ نعیم

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات مسائل کا حل نہیں بلکہ سیاسی بحران میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں، اقتدار پر فائز قوتیں جب گورنر راج اور ایمرجنسی کے ذریعے حکومت کرنے کی کوشش کریں تو اس کا مطلب ہے کہ ان کی حکومت کا چراغ بجھنے والا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے رجیم چینج کے وقت سے جو سیاسی تماشا شروع کیا تھا، جمہوریت دشمنی کا وہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی تاریخ گورنر راج کے نفاذ اور عوامی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے سے عبارت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کیا گیا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مسائل کے حل کے لیے غیر مؤثر قرار دیا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو بڑی غلطی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے سیاسی بحران مزید سنگین ہوگا اور صوبے میں سیاسی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button