خیبرپختونخوا میں امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان خراب کرنے، اشتعال انگیزی پھیلانے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پُرامن رہیں اور کسی بھی قسم کے دنگے فساد سے گریز کریں۔

صوبے کے عوام کے نام اپنے پیغام میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ان کے بقول عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عوام سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے خواہاں ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ مشترکہ کوششوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی یا پُرتشدد کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔

گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور بدامنی سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے یا قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button