امریکی ریاست پنسلوانیا میں فائرنگ، 9 افراد ہلاک، مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر ایری میں فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا۔ امریکی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے ہی تمام ہلاکتیں ہو چکی تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی موت بظاہر خود کو گولی مارنے کے نتیجے میں ہوئی۔ ایری پولیس چیف رک لوراہ نے واقعے کو شہر کے لیے غیر معمولی جانی نقصان اور تباہی قرار دیا۔

واقعے پر پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایری کے میئر سے رابطہ کیا ہے۔ گورنر نے ریاستی حکومت کی جانب سے مقامی انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے محرکات اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور واقعے سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button