ملتان میں گھر کے اندر دھماکا، ماں بیٹا جان سے گئے، پراسرارچیز کی تحقیقات شروع

ملتان (جانو ڈاٹ پی کے) ملتان کے علاقے نیک ٹاؤن میں گھر کے اندر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ماں اور اس کا 13 سالہ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بچے کے باہر سے لائی گئی گیند نما کوئی چیز پھٹنے سے دھماکا ہوا، تاہم واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

اہلِ محلہ کے مطابق دھماکا تھانہ سیتل ماڑی کی حدود میں واقع گھر میں ہوا، جس کی زد میں آکر ماں اور بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصرت بی بی اور ان کے 13 سالہ بیٹے انس کے نام سے کی ہے۔ دونوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے نشتر اسپتال منتقل کردی گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بچہ باہر سے گیند نما کوئی چیز گھر لایا تھا، جو اچانک پھٹ گئی۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ چیز کیا تھی اور دھماکا کن حالات میں ہوا۔

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے کی اصل وجہ اور نوعیت کے بارے میں فی الحال حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جاسکا۔ تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button