پاکستان کے آئل اینڈ گیس سیکٹر کی ستمبر رپورٹ جاری، خام تیل کی ماہانہ پیداوار میں 5 فیصد کمی، ایل پی جی کی طلب 20 فیصد بڑھ گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ستمبر 2026 کے دوران پاکستان کے آئل اینڈ گیس سیکٹر کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق خام تیل کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد اضافہ، تاہم ماہانہ بنیاد پر 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ قدرتی گیس کی پیداوار میں بھی ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی کی طلب میں نمایاں بڑھوتری دیکھنے میں آئی۔

اشرف خان کی رپورٹ کے مطابق ستمبر کے دوران آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ایک کنویں کو خشک قرار دیا گیا۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے زیرِ آپریشن عشراق ایکس ون کنویں سے ہائیڈروکاربن دریافت نہیں ہو سکے۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر میں قدرتی گیس کی پیداوار 3,008 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم سی ایف ڈی) رہی، جو ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد اور سالانہ بنیاد پر 8 فیصد زیادہ ہے۔

دوسری جانب خام تیل کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ماہانہ بنیاد پر پیداوار 5 فیصد کم ہو گئی۔ رپورٹ میں آر ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باوجود تیل و گیس کی پیداوار کے رجحانات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

ستمبر کے دوران مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی طلب میں نمایاں اضافہ سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کی طلب ماہانہ بنیاد پر 7 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 20 فیصد بڑھ گئی، جبکہ اس کی یومیہ طلب 2,238 ٹن تک پہنچ گئی۔

تلاش اور ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں ایکسپلوریشن کنوؤں کی ڈرلنگ میں ماہانہ بنیاد پر 4.5 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس ڈویلپمنٹ کنوؤں کی ڈرلنگ میں ماہانہ بنیاد پر 57 فیصد کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق آئل اینڈ گیس سیکٹر میں تلاش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ترقیاتی کنوؤں کی ڈرلنگ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ مجموعی اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں قدرتی گیس کی پیداوار اور ایل پی جی کی طلب میں اضافہ ہوا، جبکہ خام تیل کی پیداوار ماہانہ بنیاد پر کم رہی۔

مزید خبریں

Back to top button