خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی، اعلیٰ انتظامی افسران کو تیار رہنے کی ہدایت


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں متعلقہ اضلاع میں تعینات اعلیٰ انتظامی افسران کو پیشگی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی کے پیش نظر متعلقہ حکام کو تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو ان اضلاع میں سرکاری افسران کو بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ ایمرجنسی کے دوران تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹرز متعلقہ اضلاع کے انتظامی امور کی نگرانی کریں گے، جبکہ سرکاری معاملات بھی ان کی نگرانی میں چلائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر غور کے لیے کل اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
تاحال ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے حتمی فیصلے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔