دہشت گردی کے خلاف ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور صوبے کے نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کی جانب سے لوگوں کو دارالحکومت پر چڑھائی کے لیے جمع کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ عوام کو سیاسی تصادم کے لیے اکٹھا کرنے کے بجائے کسی فیسٹیول یا مثبت سرگرمی کے لیے جمع کیا جائے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کی حکومت لوگوں کو کھیلوں کے میدانوں میں جمع کرتی ہے، جبکہ بعض سیاسی رہنما عوام کو دارالحکومت پر چڑھائی کے لیے اکٹھا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں طرزِ عمل میں واضح فرق ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت ایسی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تشدد اور تصادم کے بجائے مثبت سرگرمیوں اور بہتر مستقبل کی جانب راغب کرنا ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button