حرمین شریفین کی حرمت سرخ لکیر ہے، عبور نہیں کی جا سکتی، امام کعبہ کی حوثی حملوں کی مذمت

مکہ مکرمہ(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے حرمین شریفین کی حرمت کو سرخ لکیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حد کو عبور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔

مسجد الحرام میں خطبہ دیتے ہوئے شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں اور ان کی حرمت کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والے اقدامات مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

امام کعبہ نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز اور آوازیں تیار کرکے پھیلانے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی معلومات پھیلانا غلط اور حرام عمل ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، جسے اطاعتِ الٰہی اور اس کی خوشنودی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ خالد المعینا نے اپنے خطبے میں کہا کہ حرمین شریفین سے عداوت رکھنے والوں کی دشمنی انہیں گمراہی اور رسوائی کی طرف لے جاتی ہے۔

انہوں نے مکہ مکرمہ کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا محترم گھر اور اس کے نزدیک محبوب ترین سرزمین ہے۔

دونوں ائمہ کے خطبات میں حرمین شریفین کے تقدس، مقدس مقامات کے احترام اور جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button