’’ہر مصیبت جھیلیں گے، اصول نہیں چھوڑیں گے‘‘ سلمان اکرم راجہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پارٹی ہر مصیبت جھیلنے کے لیے تیار ہے، لیکن اصولوں سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا جائے گا جو اصولوں کے خلاف ہو یا جس کے نتیجے میں بے گناہوں کا خون بہے۔
لاہور ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بے گناہ افراد کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا خون ان کے لیے مقدم ہے اور پی ٹی آئی ایسے کسی لائحہ عمل کا حصہ نہیں بنے گی جس سے بے گناہوں کی جانیں خطرے میں پڑیں۔
پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پارٹی میں ان پر بہت سی ذمہ داریاں ہیں اور وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے مقدمات بھی دیکھ رہے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے پنجاب سے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے بڑی تعداد میں قافلے مارچ میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے پشاور میں گزشتہ روز متعدد کارکنوں کے مبینہ اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فسطائیت کا راج ہے اور متعلقہ حکام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔



