جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود ترجیح ہونی چاہیے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان کے نامزد سفیر برائے جرمنی سلمان شریف نے ملاقات کی، جس میں پاک جرمن تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سلمان شریف کو جرمنی میں سفیر تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے قریبی روابط برقرار رکھنا، ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور مؤثر قونصلر خدمات فراہم کرنا پاکستانی سفارت خانے کی اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔اسحاق ڈار نے وزیراعظم آفس میں جوائنٹ سیکریٹری کی حیثیت سے سلمان شریف کی خدمات کو بھی سراہا اور جرمنی میں نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



