سندھ اور ترکیہ میں بڑا تعاون، تعلیم، صحت اور آفات سے نمٹنے کے منصوبوں میں پیش رفت

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ترکیہ کے درمیان تعلیم، صحت، ثقافت، روزگار اور آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سندھ میں ٹیکا کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم، صحت، ڈیجیٹل تبدیلی اور انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جبکہ ترکیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سندھ ترکیہ کے تعلیمی جدت، مہارتوں کی ترقی اور انسانی وسائل کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

ٹیکا حکام نے سندھ میں صاف پانی، روزگار اور آفات سے نمٹنے کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ عمرکوٹ اور پنو عاقل میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً 20 ہزار افراد کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں کراچی رکشہ روزگار پروگرام، ریسکیو اہلکاروں کی تربیت اور جدید ریسکیو آلات کی فراہمی سمیت ٹیکا کے دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

تعلیم کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے بتایا کہ سندھ کے 378 کالجز میں 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ 200 سے زائد کالجز میں بی ایس ڈگری پروگرام شروع کیے جا چکے ہیں۔ ڈیجیٹل لرننگ، ادارہ جاتی ترقی اور فیکلٹی کی استعداد کار بڑھانے میں ترکیہ کے تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر ثقافت نے سندھ کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، تاریخی مقامات کی بحالی اور ثقافتی تبادلوں سے متعلق اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا، جبکہ کراچی میں صحت، شہری سہولیات اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ٹیکا کے ڈپٹی صدر ڈاکٹر علی ارجان نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں اور مزید ایسے شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی جن سے عوام براہ راست مستفید ہو سکیں۔

 

مزید خبریں

Back to top button