میر رضا کیس: کمیشن نے ایک لاکھ روپے انعام کی پیشکش واپس لے لی،ای میل اور واٹس ایپ بھی غیر فعال

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن نے گزشتہ روز کی کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کی جانب سے معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام کی پیشکش واپس لے لی گئی ہے جبکہ کمیشن کی ای میل اور واٹس ایپ بھی غیر فعال کردی گئی ہیں۔

تحریری حکم نامے کے مطابق میر حسین علی خان، مریم حسین اور جبران ناصر ایڈووکیٹ کمیشن کے سامنے موجود رہے، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری جاوید احمد ابڑو، سی پی ایل سی کے گواہ کاشف افتخار، طٰہٰ پراچہ اور تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری بھی پیش ہوئے۔

کمیشن نے کاشف افتخار اور ڈی ایس پی سراج لاشاری کے بیانات قلمبند کرلیے۔ کے الیکٹرک کی نمائندہ رابعہ، مینجنگ ڈائریکٹر کے الیکٹرک سید محمد طلحہ کی جانب سے کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں اور ایک سیل شدہ لفافہ جمع کرایا، جسے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔

کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے کمیشن کی درخواست پر فوری اور مؤثر ردعمل دینے پر سید محمد طلحہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوش کو سراہا۔

حکم نامے کے مطابق جسٹس عمر سیال نے بیانات قلمبند کرنے کے عمل کے اختتام سے قبل کمیشن کے کام میں معاونت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ جسٹس ظفر احمد راجپوت کا کمیشن کی سربراہی کے لیے اعتماد کرنے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا مکمل تعاون فراہم کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

جسٹس عمر سیال نے فریال تالپور کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے میر رضا کیس کے حقیقی حقائق سامنے لانے اور عوامی خدشات و قیاس آرائیوں کے خاتمے کے لیے کمیشن کی تجویز دی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button