آئی ایم ایف کا وسیع فیول سبسڈی اسکیم فوری ختم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر جاری فیول سبسڈی اسکیم فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد ملک کو 1.21 ارب ڈالر کی رقم فراہم کی جائے گی، جس کی منظوری کے لیے معاملہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے بہترین کوششیں کیں، آئی ایم ایف پروگرام کے نتیجے میں ملک میں معاشی استحکام آیا جبکہ اصلاحات کا عمل بھی تیز ہوا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد رہی، تاہم مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث شرح نمو 3.6 فیصد تک متاثر ہوئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مئی 2026 میں افراط زر بلند ترین سطح پر پہنچا، جبکہ ترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھنے میں مدد دی۔
آئی ایم ایف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم مرحلہ وار ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبسڈی کو مزید وسعت نہ دی جائے اور اسے صرف مستحق افراد تک محدود رکھا جائے۔ عالمی مالیاتی ادارے نے مہنگی اور وسیع پیمانے پر دی جانے والی فیول سپورٹ اسکیم فوری ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اعلامیے کے مطابق اگر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو فیول سپورٹ کو محدود، ہدفی اور مخصوص مدت تک رکھا جانا چاہیے۔
آئی ایم ایف نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور واجبات کی وصولی بہتر بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور گیس سیکٹر میں وصولیاں بڑھانے کے ساتھ نقصانات کم کرنے پر بھی زور دیا۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو مہنگائی کو مناسب سطح پر رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنی چاہیے، جبکہ پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا ہوگا۔
اعلامیے میں توانائی کے شعبے میں بروقت ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور لاگت کم کرنے والی اصلاحات کو بھی ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔



